کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کی مقامی عدالت نے قتل کیس میں نامزد پولیس اہلکار ولید احمد عرف فہیم کمانڈو کی درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ولید احمد کو 23 مئی 2022 کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ 23 نومبر 2022 کو ان پر فردِ جرم عائد کی گئی۔ وکیل کے مطابق پراسیکیوشن کی جانب سے 14 گواہان کی فہرست پیش کی گئی، تاہم اب تک صرف چار گواہان کے بیانات قلم بند کیے جا سکے ہیں۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم کا ٹرائل تاخیر کا شکار ہے، جس کے پیشِ نظر درخواستِ ضمانت منظور کی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف سہراب گوٹھ تھانے میں 19 سالہ فہیم کے قتل کا مقدمہ درج ہے۔ مدعی کا الزام ہے کہ مقتول کو سہراب گوٹھ کے علاقے میں مسجد حنیفی نور خان کے باہر لا کر قتل کیا گیا تھا۔ مقدمے کی مزید کارروائی متعلقہ عدالت میں جاری ہے۔


