45

قتل اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو سگے بھائیوں سمیت چھ ملزمان گرفتار، ایس ایس پی کورنگی طارق نواز

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ قتل اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث چھ ملزمان گرفتار کیے گئے۔ کارروائیاں کورنگی اور زمان ٹاؤن پوليس کی جانب سے کی گئیں۔

گرفتار ملزمان موٹر سائیکل لفٹنگ، اسٹریٹ کرائم اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان سے 4 پستول، 2 موٹرسائیکلیں اور 13 موبائل فونز برآمد کیے گئے۔ کورنگی پوليس نے 25 لاکھ روپے کی ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا۔

ملزمان نے دورانِ ڈکیتی سیکیورٹی گارڈ کو قتل کیا تھا۔ قتل میں ملوث ایک ملزم ممتاز رات کے وقت پوليس مقابلے میں مارا گیا۔ مقابلے کے دوران دو ملزمان ساجد اور شبیر کو گرفتار کیا گیا۔

ملزمان نے 17 مارچ 2025 کو فرحان نامی شہری سے 25 لاکھ روپے چھینے تھے۔ سیکیورٹی گارڈ نے مزاحمت کی تو ملزم ممتاز نے فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا تھا۔ ہلاک اور گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔

ملزمان نے کلفٹن، ڈیفنس اور ایسٹ کے علاقوں میں بھی کئی وارداتیں کی ہیں۔ کپڑے کی فیکٹری کے مالک خالد کے قتل میں مطلوب دو ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ 9 مئی کو کپڑے کی فیکٹری کے مالک خالد حسین کو قتل کیا گیا تھا۔

لاش کو اسی فیکٹری کے واش روم میں چھپا دیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران مقتول خالد حسین کی لاش برآمد کی گئی۔ ٹیکنیکل ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے ملزمان کی شناخت کی۔ قتل میں ملوث عاصم حسین عرف عظیم اور محمد علی کو گرفتار کیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے فیکٹری سے چوری کیا گیا کپڑا بھی برآمد کر لیا گیا۔ زمان ٹاؤن پوليس نے دورانِ ڈکیتی شہری ثاقب کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو بھی گرفتار کیا۔ 2 مئی 2024 کو زمان ٹاؤن کی حدود میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا واقعہ پیش آیا تھا۔

قتل میں ملوث دونوں ملزمان، اسامہ اور کریم ولد گورا میاں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والے دونوں قاتل سگے بھائی ہیں۔ گرفتار ہونے والے ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں