کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے ایسٹ زون میں افغان شہریوں کی وطن واپسی اور بے دخلی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ایسٹ زون پولیس نے ستمبر 2025 سے یکم جولائی 2026 تک کے اعداد و شمار پر مبنی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایسٹ زون سے مجموعی طور پر 16 ہزار 799 افغان شہریوں کو افغانستان واپس بھیجا گیا، جن میں 13 ہزار 29 افراد رضاکارانہ طور پر وطن لوٹے، جبکہ مختلف کارروائیوں کے دوران 3 ہزار 770 افراد کو حراست میں لے کر کیمپ منتقل کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رضاکارانہ واپسی کرنے والوں میں 1,333 اے سی سی (ACC) کارڈ ہولڈرز، 7,056 پی او آر (PoR) کارڈ ہولڈرز اور 4,640 غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری شامل ہیں۔
کارروائیوں کے دوران 87 اے سی سی کارڈ ہولڈرز اور 599 پی او آر کارڈ ہولڈرز کو حراست میں لے کر جی سی ٹی کالج میں قائم کیمپ منتقل کیا گیا، جبکہ 3,084 غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو بھی تحویل میں لیا گیا۔
ضلع وار تفصیل کے مطابق:
ضلع ایسٹ سے رضاکارانہ واپسی کرنے والوں کی تعداد 11,038 رہی، جبکہ 2,523 افراد کو حراست میں لے کر کیمپ منتقل کیا گیا۔ یوں ضلع ایسٹ سے مجموعی طور پر 13,561 افغان شہری واپس بھیجے گئے۔
ضلع کورنگی سے 1,040 افغان شہری رضاکارانہ طور پر واپس گئے اور 615 افراد کو حراست میں لے کر کیمپ منتقل کیا گیا، مجموعی تعداد 1,655 رہی۔
ضلع ملیر سے 951 افغان شہری رضاکارانہ طور پر وطن روانہ ہوئے، جبکہ 632 افراد کو حراست میں لے کر کیمپ منتقل کیا گیا، مجموعی تعداد 1,583 رہی۔
پولیس حکام کے مطابق افغان شہریوں کی وطن واپسی کا عمل مسلسل جاری ہے اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔


