کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)تفتیشی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر انتہائی اہم کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے فورتھ شیڈول میں شامل انتہائی مطلوب مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن مسرور احمد جتوئی کے مطابق گرفتار ملزم دہشت گردی کے مختلف مقدمات میں جیل کاٹ چکا ہے اور ضمانت پر رہائی کے بعد سے قانون سے فرار تھا۔ ملزم کی شناخت غلام محمد عرف عمر ولد محمد اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم تھانہ پاک کالونی میں درج مقدمہ نمبر 187/2026 کے تحت دفعہ 11EE اور 4 (اینٹی ٹیررازم ایکٹ) میں مطلوب تھا۔ ملزم کا نام فورتھ شیڈول میں انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا۔
ایس ایس پی مسرور احمد جتوئی نے بتایا کہ یہ کارروائی انچارج انویسٹی گیشن پاک کالونی انسپکٹر عارف عثمان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر بوٹ بیسن کے علاقے میں عمل میں لائی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ اس کے ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک سے متعلق بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔


