16

روڈ رابری کی جھوٹی کال کا ڈراپ سین، ملزم گرفتار

غازی آباد(ایچ آراین ڈبلیو)غازی آباد میں گزشتہ رات ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فون چھیننے کی مبینہ روڈ رابری کی 15 پر کی گئی کال کا پولیس نے ڈراپ سین کر دیا۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق واقعے کا ماسٹر مائنڈ خود مدعی علی رضا نکلا، جسے رقم اور موبائلز سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس پی کینٹ نے بتایا کہ ملزم علی رضا نے ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فونز خردبرد کرنے کے لیے روڈ رابری کا جھوٹا ڈرامہ رچایا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے اپنے بھتیجے کو ڈیڑھ لاکھ روپے دینے تھے، تاہم رقم ہڑپ کرنے کے لیے منصوبہ بندی کے تحت جھوٹی واردات ظاہر کی گئی۔

پولیس کے مطابق ملزم زیادہ دیر تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکما نہ دے سکا اور دورانِ تفتیش سچ اگل دیا۔ جھوٹی رابری کال کرنے پر ملزم کے خلاف تھانہ غازی آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ایس پی کینٹ اختر نواز نے اس کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او غازی آباد محمد شہریار اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں