کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) کورنگی ساڑھے تین نمبر گڈ لک اسکول کے قریب آج دوپہر افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے مدنی مسجد کے مؤذن کے 35 سالہ بیٹے فیصل کو موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کے دوران فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل اپنے بچوں کو اسکول سے لینے آیا تھا کہ اچانک ڈاکوؤں نے اس پر حملہ کیا۔ مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واردات کے بعد ملزمان موٹر سائیکل چھین کر باآسانی فرار ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔ علاقہ ایس ایچ او کورنگی کے دائرہ کار میں آتا ہے، لیکن جرائم پیشہ عناصر کی دیدہ دلیری اور پولیس کی بےحسی پر عوامی حلقوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایس پی کورنگی فوری نوٹس لیں اور ڈی ایس پی کورنگی اسلم صاحب سمیت متعلقہ افسران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ اگر موجودہ افسران عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی نہیں بنا سکتے تو اعلیٰ حکام انہیں معطل کر کے فرض شناس افسران تعینات کریں۔


