ساہیوال(ایچ آراین ڈبلیو)محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ساہیوال میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت روز علی خان کے نام سے ہوئی ہے، جو ارمڑ میانہ، ضلع پشاور، خیبر پختونخوا کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کے قبضے سے بارودی مواد، ایک پرائما کارڈ، ڈیٹونیٹر، برقی تار، تین بیٹریاں اور دو موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم اوکاڑہ کے فیصل آباد روڈ پر واقع کوہ نور سٹی میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی غرض سے موجود تھا۔ واقعے کے بعد ملزم کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش بھی جاری ہے۔


