21

پمز ہسپتال میں نومولود بچے کی مبینہ غیر قانونی حراست پر عدالت کا نوٹس

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)مقامی عدالت نے پمز (PIMS) ہسپتال میں ایک نومولود بچے اور اس کی والدہ کو مبینہ طور پر غیر قانونی حراست میں رکھنے کے الزام پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او کو فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد (مغرب) محمد علی وڑائچ نے نسرین بی بی کی جانب سے زیرِ دفعہ 491 ضابطہ فوجداری (Cr.P.C) دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی فوری طور پر پمز ہسپتال کا دورہ کریں، درخواست میں عائد الزامات کی جانچ پڑتال کریں اور اپنی رپورٹ 2 جولائی 2026 کو عدالت میں پیش کریں۔

درخواست گزار نسرین بی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی بیٹی مہناز بی بی زچگی کے لیے پمز ہسپتال میں داخل ہے، جہاں ہسپتال انتظامیہ نے مبینہ طور پر انہیں ان کے نومولود بچے سمیت غیر قانونی طور پر اپنی تحویل میں رکھا ہوا ہے۔

عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ چونکہ شکایت ایک سرکاری ہسپتال کے خلاف ہے، اس لیے حقائق جاننے اور اصل صورتحال واضح کرنے کے لیے پولیس رپورٹ طلب کرنا ضروری ہے۔ اسی مقصد کے لیے ایس ایچ او کو درخواست اور عدالتی حکم نامے کی نقول کے ساتھ روبکار جاری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

عدالت نے مزید کارروائی پولیس رپورٹ موصول ہونے تک ملتوی کرتے ہوئے کیس کی اگلی سماعت 2 جولائی 2026 مقرر کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں