کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)یونین کونسل نمبر 05 کے صدر کے قتل کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی قاتل کو موٹرسائیکل پر لانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ بات طارق الٰہی مستوئی نے بتائی۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق یکم جولائی کی شب سیکٹر 10 غوثیہ چوک میں واقع UC-05 کے دفتر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں یونین کونسل نمبر 05 کے صدر فیصل عباسی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ فہد عباسی اور فہد جمال عرف شانی زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق مومن آباد پولیس نے خفیہ اطلاع اور جائے وقوعہ سے حاصل کی گئی CCTV فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل رائیڈر ملزم عبدالحمید عرف کاکا ولد اسلام کو گرفتار کر لیا۔ CCTV فوٹیج میں گرفتار ملزم کو مرکزی قاتل کو مسلح حالت میں موٹرسائیکل پر جائے وقوعہ تک لاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد ہوا ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


