14

تھانہ سہالہ پولیس کی بروقت کارروائی، فائرنگ میں ملوث دونوں ملزمان گرفتار، اسلحہ بھی برآمد

اسلام اباد (ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ سہالہ پولیس نے فائرنگ کے ایک مقدمے کو جدید خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق 21 جون 2026 کو تھانہ سہالہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ ہر دوگر، کشمیر ٹاؤن میں ایک شخص کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سہالہ کی ہدایت پر اے ایس آئی محمد سعید پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور زخمی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی شخص نے ابتدائی بیان میں دعویٰ کیا کہ اسے نامعلوم افراد نے گولی ماری، تاہم تھانہ سہالہ پولیس نے پیشہ ورانہ انداز میں واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کی۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے گئے، عینی شاہدین سے پوچھ گچھ کی گئی اور جدید تحقیقاتی طریقہ کار اپنایا گیا۔

تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ زخمی کا ابتدائی بیان حقائق کے مطابق نہیں تھا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ واقعے میں دو نامزد ملزمان ملوث تھے جنہوں نے فائرنگ کر کے مدعی کو زخمی کیا۔

تھانہ سہالہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے چالان معہ مقدمہ معزز عدالت میں پیش کر دیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں