28

پانی چوری کے خلاف سخت اقدام، KWSC پولیس اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضٰی وہاب کی خصوصی ہدایات پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے پانی چوری کے خلاف بڑا اور سخت قدم اٹھاتے ہوئے پانی چوروں کے لیے الگ سے KWSC پولیس اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پولیس اسٹیشن کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن کے قیام کے بعد KWSC کی اپنی پولیس فورس، اپنی عدالتیں اور اپنے جج تعینات کیے جائیں گے، جو پانی چوری کے مقدمات پر فوری سماعت اور فیصلے کریں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پانی کی غیر قانونی چوری کو روکنا اور شہریوں کو ان کا حق دلانا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق شہر میں پانی کی قلت کی ایک بڑی وجہ پانی کی چوری اور غیر قانونی کنکشنز ہیں، جن کے خلاف مؤثر اور فوری کارروائی کے لیے یہ نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔

تاہم دوسری جانب شہریوں نے اس اقدام پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ پانی چوری کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی زور دیا جانا چاہیے کہ گھروں تک باقاعدہ اور منصفانہ طریقے سے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ شہریوں کا سوال ہے کہ “پانی نلکوں میں کب آئے گا؟” اور اس بنیادی مسئلے کے حل کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جائیں۔

شہری حلقوں کا مطالبہ ہے کہ پانی چوری کے خاتمے کے ساتھ ساتھ واٹر سپلائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ کراچی کے عوام کو صاف اور وافر پانی میسر آ سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں