کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ملیر میں تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن کی حدود الحمراء اسکول کے قریب دورانِ پیٹرولنگ پولیس پارٹی اور موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک خطرناک، موسٹ وانٹڈ اور متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم محمد ندیم عرف مچھر ولد قادر بخش موقع پر ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کا کرمنل ریکارڈ تلاشِ جواز اور ریکارڈ چیکنگ کے ذریعے جانچا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ اس کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں ڈکیتی، اقدامِ قتل، پولیس پر حملہ، چوری اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت 11 سنگین مقدمات درج تھے۔
ہلاک ملزم کے خلاف درج مقدمات میں شامل ہیں:
تھانہ اسٹیل ٹاؤن، تھانہ سچل، تھانہ ملیر کینٹ، تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن اور تھانہ سکھن میں درج مختلف ایف آئی آرز، جن میں دفعات 353، 324، 392، 397، 454، 457، 380 اور 23(i)A شامل ہیں۔
تلاشی کے دوران برآمدگی:
ایک عدد 30 بور پستول
5 عدد زندہ راؤنڈز
5 عدد چلے ہوئے خول
ایک موبائل فون
نقد رقم 50,300 روپے
پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے، پولیس پر حملے اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے حوالے سے تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔


