کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) کراچی کے علاقے بن قاسم میں پولیس نے پاکستان اسٹیل ملز سے قیمتی دھاتیں چوری کرنے والے منظم گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او بن قاسم کے مطابق خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کی گئی، جس کے دوران گرفتار ملزمان کی شناخت اصغر علی ولد سلیم مری اور ربنواز ولد غلام مصطفیٰ کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے انتہائی شاطرانہ طریقہ اختیار کرتے ہوئے جنگل سے لکڑیاں کاٹنے کا بہانہ بنایا اور اسی آڑ میں اسٹیل ملز کے پلانٹ میں داخل ہو کر قیمتی اسٹیل پلیٹس چوری کر رہے تھے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 6 عدد اسٹیل پلیٹس (کل وزن تقریباً 600 کلوگرام)، 5 موٹر سائیکلیں اور 1 ریڑھی برآمد کر لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ گروہ کے دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش بھی جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مزید تفتیش میں اہم انکشافات متوقع ہیں اور قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


