کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایسٹ زون کے تھانہ مبینہ ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث چار رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر جرائم میں طویل عرصے سے سرگرم تھے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت شکور عرف بھورا، کامران عرف مائیکل، ساجد عرف ڈوڈو اور فیصل عرف پارٹی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے مبینہ ٹاؤن، سائٹ سپر ہائی وے اور سچل کے علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور اس سے قبل بھی ڈکیتی، راہزنی، اقدامِ قتل، موٹر سائیکل لفٹنگ، ناجائز اسلحہ، گٹکا ماوا فروشی اور منشیات فروشی جیسے سنگین مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
پولیس حکام نے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔


