20

قیدی وین سے فرار کا واقعہ، تھانہ سہالہ پولیس نے ابتدائی تحقیقات مکمل کر کے مقدمہ درج کر لیا

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)اسلام آباد پولیس نے قیدیوں کے فرار کے انتہائی حساس واقعے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے ملوث ملزمان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ اور مقدمے کے متن کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب حوالاتیوں کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جا رہا تھا۔ چکیاں کہوٹہ روڈ پر قیدی وین کے اندر حوالاتیوں کے درمیان لڑائی جھگڑا شروع ہو گیا۔

پولیس کے مطابق جب صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے وین کا دروازہ کھولا گیا تو حوالاتیوں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں ڈال دیں، جس کے باعث شدید افراتفری پھیل گئی۔

رپورٹ کے مطابق واقعے کے وقت وین میں کل 36 حوالاتی سوار تھے، جن میں سے 14 حوالاتی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 حوالاتیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا، جن کی شناخت صائم اشتیاق، عاطف، زکریا اخلاق اور ولید عارف کے ناموں سے ہوئی ہے۔

مقدمے کے متن میں 10 مفرور حوالاتیوں کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں، جن میں عاصم، عبدالوہاب، احتشام، عدیل عباس، ضیغم حسین، دانش، اسد رحمان، عبدالرحمان، واحد عرف وحدی اور شامیر شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے مجرمانہ سازش کے تحت مشترکہ نیت سے پولیس پارٹی پر حملہ کیا اور سرکاری فرائض میں مزاحمت کر کے سنگین جرم کا ارتکاب کیا۔ تھانہ سہالہ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جلد تمام مفرور ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں