26

مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث انسانی اسمگلر گرفتار

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) لاہور میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ایک انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد عرفان کے نام سے ہوئی ہے، جسے چھاپہ مار کارروائی کے دوران قصور سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے ایک شہری کو اسپین ورک ویزا دلوانے کے نام پر 50 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے تھے۔

حکام کے مطابق ملزم شہری کو بیرونِ ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔ ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید انکشافات متوقع ہیں جبکہ متاثرہ شہری کو انصاف فراہم کرنے کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں