20

اورنگی ٹاؤن میں سوتیلی والدہ کے قتل کا افسوسناک واقعہ، ملزم گرفتار

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سوتیلی والدہ کے قتل میں ملوث ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ کرائم رپورٹر رفیق ریان کی رپورٹ کے مطابق ویسٹ پولیس نے اورنگی ٹاؤن نمبر 1 میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم شوکت علی کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے تیز دھار آلے (کلہاڑی) کے وار کر کے 45 سے 50 سالہ فہمیدہ زوجہ لطیف کو قتل کیا۔ واقعے کے دوران مقتولہ کی مدد کے لیے آنے والا پڑوسی ساجد بھی زخمی ہو گیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، جہاں ملزم نے شدید مزاحمت کی، تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا اور آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ نے 17 سے 18 سال قبل ملزم کے والد سے دوسری شادی کی تھی، جبکہ بظاہر خاندانی رنجش کو ہی قتل کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اور اس کی والدہ کا تعلق بہاولنگر سے ہے۔ مقتولہ اور زخمی شخص کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں