نئی دہلی(ایچ آراین ڈبلیو) معروف گلوکار عدنان سمیع کی شہریت سے متعلق ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق عدنان سمیع نے کینیڈین شہریت ترک کر کے بھارتی شہری بننے کے لیے بھارتی پاسپورٹ حاصل کر لیا ہے، تاہم بھارتی حکومت کے مؤقف کے مطابق ان کے پاسپورٹ پر بھارتی شہریت کا واضح ثبوت موجود نہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ محض پاسپورٹ کا اجرا بھارتی شہریت کی حتمی تصدیق نہیں ہوتا، جس کے باعث عدنان سمیع کی قانونی شہریت کا معاملہ اب بھی مبہم ہے۔ اس صورتحال کے باعث یہ سوالات جنم لے رہے ہیں کہ آیا عدنان سمیع باضابطہ طور پر بھارتی شہری بن چکے ہیں یا نہیں۔
ذرائع کے مطابق اس ابہام کی وجہ سے عدنان سمیع کی حیثیت تاحال غیر واضح ہے، جس پر سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے عدنان سمیع کو ایک ایسی پوزیشن میں لا کھڑا کیا ہے جہاں وہ مکمل طور پر کسی ایک ملک کے شہری تصور نہیں کیے جا رہے۔
حکام کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی حتمی وضاحت یا سرکاری اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔


