تہران(ایچ آراین ڈبلیو) ایران نے بھارت کو مارکیٹ کے مقابلے میں سستا تیل فروخت کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔ایرانی تاجر بھارت کو عالمی مارکیٹ ریٹ سے تقریباً 4 ڈالر فی بیرل کم قیمت پر خام تیل فراہم کرنے کی پیشکش کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایرانی آئل کمپنی کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ دبئی اور سنگاپور میں موجود تیل کے تاجروں نے بھی بھارتی ریفائنریوں سے رابطے کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس پیشکش کا مقصد ایرانی تیل کی برآمدات میں اضافہ اور نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنا ہے، جبکہ بھارتی ریفائنریاں کم قیمت توانائی کے حصول کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہیں۔توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو بھارت کو تیل کی درآمدی لاگت میں خاطر خواہ کمی کا فائدہ مل سکتا ہے۔


