کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) علی الصبح تھانہ محمود آباد کے علاقے چنیسر گوٹھ کے قریب پولیس اور منشیات ڈیلر کے درمیان مقابلہ ہوا۔
کار سوار ملزم بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کر رہا تھا۔ پولیس کی جانب سے رُکنے کا اشارہ کرنے پر ملزم نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔
دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد بدنامِ زمانہ منشیات ڈیلر شیر محمد عرف شیرا ولد محمد سلیمان خاصخیلی زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک عدد 9 ایم ایم پسٹل بمعہ ایمونیشن، دو عدد موبائل فون اور زیرِ استعمال یارس کار (نمبر BSS-866) برآمد کر لی گئی۔
جبکہ کار کی ڈگی سے لاکھوں روپے مالیت کی دو من سے زائد (98 کلو) اعلیٰ کوالٹی کی چرس بھی تحویل میں لی گئی ہے۔ گاڑی کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے جبکہ ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔


