26

اسکیم 33 میں قبضہ مافیا اور مبینہ پولیس زیادتیوں کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان کا اقدام

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شہر میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کے لیے ایم کیو ایم پاکستان میدان میں آگئی ہے۔ رکن سندھ اسمبلی ارسلان پرویز نے وزیر داخلہ سندھ کو خط لکھ کر اسکیم 33 کے علاقے میں مبینہ پولیس زیادتیوں اور قبضہ مافیا کی سرگرمیوں پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

خط کے مطابق اسکیم 33 غوثیہ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی سیکٹر 27-A میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے بعض پولیس اہلکاروں کی مبینہ زیادتیوں، اختیارات کے ناجائز استعمال اور قبضہ مافیا کی سرگرمیوں کے باعث رہائشی شدید پریشان ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے متعدد شکایات سچل تھانہ کراچی، ڈی آئی جی ایسٹ اور آئی جی سندھ سمیت دیگر حکام کو دی جا چکی ہیں، تاہم اب تک کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

رکن اسمبلی نے مؤقف اختیار کیا کہ سوسائٹی کے رہائشیوں کے مطابق جب پولیس اہلکاروں سے ان کے مبینہ اقدامات کی وضاحت پوچھی جاتی ہے تو وہ بعض اوقات اعلیٰ حکام کے نام کا حوالہ دیتے ہیں، جس پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔

خط میں مزید سوال کیا گیا ہے کہ آیا یہ کارروائیاں وزارت داخلہ کی ہدایات پر کی جا رہی ہیں یا نہیں۔ اگر یہ دعویٰ غلط ہے تو اس کی وضاحت ضروری ہے، اور اگر درست ہے تو اس کا نوٹس لیا جائے۔

ارسلان پرویز نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ علاقے میں قانون کی عملداری یقینی بنائی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں