25

سندھ اسمبلی میں امتیاز شیخ کا اظہارِ خیال، بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں پر روشنی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی مشکلات کے باوجود حکومت نے ایک متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کے حل میں سندھ کا کردار اہم ہے، جبکہ کراچی کے لیے بجٹ میں 100 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق دیہی علاقوں کے لیے خصوصی پیکجز اور خاص طور پر ڈرینیج اسکیمیں دی جانی چاہئیں تاکہ علاقوں کی خوبصورتی اور سہولیات میں بہتری لائی جا سکے۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ سندھ ملک کو بڑی مقدار میں گیس اور بجلی فراہم کرتا ہے، تاہم صوبے میں خود 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، جو قابلِ تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے صنعتی علاقوں کو بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے اور محرم الحرام کے دوران لوڈشیڈنگ صورتحال کو مزید خراب کر دیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ سے نہ صرف عوامی مشکلات بڑھتی ہیں بلکہ امن و امان کی صورتحال بھی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب سندھ توانائی میں اپنا پورا حصہ ڈال رہا ہے تو اس کے ساتھ ناانصافی کیوں کی جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی میں حیسکو اور سیپکو کو سندھ حکومت کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کی بات ہوئی تھی، تاہم اب وفاقی حکومت ان اداروں کی نجکاری کرنا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق سندھ حکومت انہیں بہتر طریقے سے چلا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھر کول سے سندھ حکومت نے سستی بجلی پیدا کر کے پورے ملک کو فراہم کی ہے۔ امتیاز شیخ نے یہ بھی بتایا کہ سکھر اور شکارپور میں پیپلز بس سروس شروع کی گئی ہے، جبکہ محکمہ صحت نے بڑے اسپتال قائم کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ اور نوابشاہ میں مفت علاج کی سہولیات موجود ہیں اور تحصیل سطح پر طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ تعلیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہیڈ ماسٹرز کو مالی اختیارات دینے سے تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر ہو سکتی ہے۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ شکارپور میں ترقیاتی کام جاری ہیں، این آئی سی وی ڈی اور لیڈیز کلب قائم کیے گئے ہیں، جبکہ آرٹس کونسل کی رجسٹریشن بھی مکمل کی گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شکارپور جیسے تاریخی شہر کے لیے آرٹس کونسل کو مزید گرانٹ دی جائے تاکہ ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں