کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے انڈیجنیس اسکالرشپ پروگرام 2025-26 کے تحت پیر کے روز جامعہ کراچی کے 53 مستحق، باصلاحیت اور تحقیقی سرگرمیوں سے وابستہ طلبہ و طالبات میں مجموعی طور پر 12.19 ملین روپے مالیت کے اسکالرشپ چیکس تقسیم کیے گئے۔ چیکس کی تقسیم کی تقریب آڈیو ویژول سینٹر، جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔
اسکالرشپ حاصل کرنے والوں میں 31 طالبات اور 22 طلبہ شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم فل کے 38 اور پی ایچ ڈی کے 15 محققین کو وظائف دیے گئے۔ کلیہ علوم کے 24 (10 طلبہ، 14 طالبات)، کلیہ فنون و سماجی علوم کے 11 (7 طلبہ، 4 طالبات)، کلیہ معارفِ اسلامیہ کے 8 (6 طلبہ، 2 طالبات)، کلیہ علم الادویہ کی 5 طالبات، کلیہ نظمیات و انتظامی علوم کے 3 (2 طالبات، 1 طالب علم) جبکہ شعبۂ تعلیم کی 2 طالبات اسکالرشپ کی مستحق قرار پائیں۔
شفاف اور میرٹ پر مبنی انتخاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میمونہ شاہ (ایڈیشنل ڈائریکٹر، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن) نے کہا کہ ہر سال مقررہ معیار کے مطابق اہل اور مستحق طلبہ کا انتخاب کیا جاتا ہے، جس میں تعلیمی کارکردگی، تحقیقی سرگرمیاں، تعلیمی حیثیت اور مالی ضروریات کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابی عمل ادارہ جاتی اسکالرشپ کمیٹی کے ذریعے شفاف انداز میں مکمل کیا جاتا ہے جہاں میرٹ کو بنیادی ترجیح دی جاتی ہے۔
ان کے مطابق پروگرام کے مقاصد میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق کا فروغ، مالی مشکلات کے شکار باصلاحیت طلبہ کی معاونت، اور تعلیمی معیار میں بہتری شامل ہیں۔
تعلیم ہی ترقی کا راستہ ہے، وائس چانسلر
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ تعلیم ترقی، خوشحالی اور قومی استحکام کا واحد راستہ ہے، اس لیے طلبہ وطالبات ان وظائف کو ایک قیمتی موقع سمجھتے ہوئے اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے بھرپور استعمال کریں۔ انہوں نے حکومتِ سندھ اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ وظائف باصلاحیت اور مستحق طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے حصول میں اہم معاون ثابت ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیاری اعلیٰ تعلیم کے لیے مضبوط تعلیمی ڈھانچہ، مؤثر طرزِ حکمرانی اور ذمہ دارانہ رویہ ناگزیر ہے۔ وائس چانسلر نے طالبات کی نمایاں تعداد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری بیٹیاں تعلیم اور تحقیق میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتیں معاشرے اور ملک کی بہتری کے لیے بروئے کار لائیں۔


