کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے شہر میں گزشتہ تین روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد کل سے پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق سڑکوں پر چلنا شروع ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد اور کمشنر کراچی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جو کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں گاڑیوں کی منتقلی کے دوران بائیومیٹرک مرحلے سے متعلق ٹرانسپورٹرز کا دو ماہ کی مہلت دینے کا مطالبہ تسلیم کر لیا گیا ہے، جبکہ تھرڈ پارٹی انشورنس کے لیے 12 ہزار روپے ادائیگی کے معاملے کو حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
معاہدے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا، جس سے شہر میں عوام کو درپیش سفری مشکلات کے خاتمے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔


