کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے لانڈھی میں پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (PARC) کی ملکیتی اراضی پر مبینہ طور پر فٹبال گراؤنڈ کی تعمیر کے معاملے نے قانونی شکل اختیار کر لی ہے، جس پر ادارے نے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق عدالت نے سیکریٹری محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان، کمشنر کراچی اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 ستمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔
وکیل کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ انٹروڈکشن کراچی 1977 سے دیہہ لانڈھی میں 25 ایکڑ اراضی کا قانونی مالک ہے، جہاں پودوں پر تحقیق اور پھل دار درختوں کی افزائش کا کام کیا جاتا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 30 اپریل کو بعض سیاسی شخصیات اور محکمہ ریونیو و اسپورٹس کے حکام نے 6 ایکڑ اراضی پر فٹبال گراؤنڈ قائم کرنے کی تجویز دی، جبکہ 8 جون کو کچھ افراد ہیوی مشینری کے ساتھ فارم میں داخل ہو کر تالے توڑ دیے گئے۔
وکیل کے مطابق بغیر کسی قانونی طریقہ کار کے زمین پر تعمیراتی سرگرمیاں شروع کی گئیں، جس سے ادارے کی تحقیقاتی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ فارم میں موجود ایک لاکھ 36 ہزار درخت اور پودے سالانہ تقریباً 40 ٹن کاربن جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اور ان کی تباہی سے ماحولیاتی و معاشی نقصان کا ازالہ ممکن نہیں۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پی اے آر سی کی اراضی پر مداخلت روکی جائے اور زمین کی اصل حالت تبدیل کرنے سے متعلق تمام کارروائیاں معطل کی جائیں۔


