4

ایس ایس پی سمیر نور چنہ کی سربراہی میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن، 18 منشیات فروش گرفتار

بینظیرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)سمیر نور چنہ کی خصوصی ہدایات اور “منشیات سے پاک ضلع” کے وژن کے تحت شہید بینظیر آباد پولیس نے ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ حالیہ کارروائیوں میں پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 18 عادی منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ایس ایس پی کی سربراہی میں ضلع کے مختلف تھانوں کی ٹیموں نے مربوط اور مؤثر کارروائیاں کیں۔ اس سلسلے میں تھانہ تعلقہ نوابشاہ، تھانہ قاضی احمد، تھانہ دولت پور، تھانہ دوڑ، تھانہ باندھی، تھانہ بالوجا قبا، تھانہ سکرنڈ اور تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے اپنی اپنی حدود میں کامیاب کارروائیاں انجام دیں۔

گرفتار ملزمان میں علی رضا بھٹی، ماجد سولنگی، عطا محمد چانڈیو، محمد سفیان راجپوت، عرفان عرف مکھو ماچھی، دانش لاشاری، توفیق احمد جمالی، عرس رستمانی، علی بخش راہیجو، تنویر بروہی، گل حسن بروہی، ضامن علی زرداری، عبدالجبار چانڈیو، راشد بھٹی، منٹھار چانڈیو، امتیاز علی ہوت، آیت اللہ جمالی اور طالب حسین مگسی شامل ہیں۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا 27,944 گرام گٹکا/مین پڑی، 5,030 گرام چرس، 50 لیٹر شراب، 97 وسکی کی بوتلیں اور 2,100 گرام بھنگ برآمد کر کے قبضہ پولیس میں لے لیا۔ برآمد شدہ منشیات کو ضابطے کے مطابق تلف کیا جائے گا۔

تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں منشیات ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ منشیات کی سپلائی چین سے متعلق بھی چھان بین جاری ہے۔

اس موقع پر ایس ایس پی سمیر نور چنہ نے ایس ایچ اوز اور ان کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور عوام سے اپیل کی کہ منشیات کے دھندے میں ملوث عناصر کی بروقت اطلاع پولیس کو دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں