یومِ تشکر – آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی پر اظہارِ یکجہتی

کشمور (ایچ آراین ڈبلیو) آج ملک بھر کی طرح ضلع کشمور میں بھی یومِ تشکر منایا گیا۔ اس موقع پر افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اظہارِ یکجہتی کے لیے کشمور میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔

ریلی کی قیادت ایس ایس پی کشمور زبیر نظیر احمد شیخ اور ڈپٹی کمشنر کشمور آغا شیر زمان پٹھان نے کی۔ ریلی میں سول سوسائٹی کے ممبران، معزز شہریوں، صحافیوں، طلباء، اور پولیس اہلکاروں سمیت ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی کا مقصد ملک میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور قوم کی طرف سے بھرپور حمایت و محبت کا اظہار کرنا تھا۔

شرکاء نے ملی نغمے، پاکستان زندہ باد اور افواج پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے، اور وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے لیے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔

کشمور پولیس وطن کی حفاظت کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں