ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی اور ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کا قومی پرچم کو سلام

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) یومِ تشکر کے موقع پر ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی اور ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کا قومی پرچم کو سلام اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین۔

آپریشن بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کی تاریخی کامیابی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کے اعتراف میں آج ملک بھر میں یومِ تشکر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر سندھ پولیس، بالخصوص ویسٹ زون اور ڈسٹرکٹ ویسٹ و سینٹرل پولیس نے افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کے ہمراہ ہیڈکوارٹر ویسٹ زون میں قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ اس پُروقار تقریب میں پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی اور “افواجِ پاکستان زندہ باد” اور “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے بلند کیئے۔

علاوہ ازیں، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے تمام تھانہ جات میں علی الصبح قومی پرچم کو سلامی دی گئی اور افواجِ پاکستان اور سندھ پولیس کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

پولیس افسران و جوانوں نے عہد کیا کہ وہ عوامی تحفظ اور ملکی سلامتی کے لئے ہر دم مستعد ہیں، اور وطن عزیز کے دفاع میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

آج نمازِ جمعہ کے بعد ایس ایس پی آفس ڈسٹرکٹ ویسٹ میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ بعد ازاں ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کی جانب سے “پاکستان زندہ باد” اور “افواجِ پاکستان پائندہ باد” کے نعروں کے ساتھ یکجہتی ریلی بھی نکالی جائے گی، جس میں پولیس افسران، جوان اور اہل علاقہ بھرپور شرکت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں