کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرنے سندھ میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا ، ایک ہائی پریشر نے بالائی فضا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں آج سے 20 مئی تک ہیٹ ویو کا امکان ہے۔
ہائی پریشر کے زیر اثر دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں معمول سے 5 تا 7 ڈگری اضافہ رہے گا، دیہی سندھ کے دادو، شہید بینظیر آباد، نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر اضلاع گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے
بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ اور حیدرآباد کے اضلاع میں معمول سے 3 تا 5 ڈگری درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے، کراچی میں فی الوقت ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے ، کراچی میں موسم گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے
صبح وشام کے اوقات میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے نتیجے میں گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے
صبح کے وقت نمی کا تناسب 80 اور شام کو 60 فیصد تک بڑھ سکتا ہے، 3 روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے، گرمی کی لہر کے پیش نظر بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے
دن کے وقت براہ راست سورج کی روشنی سے بچیں اور پانی کا استعمال زیادہ رکھیں


