17

والدین کے عالمی دن کے موقع پر والدین کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)والدین کے عالمی دن کے موقع پر استحکام پاکستان آرگنائزیشن کے چیئرمین محمد احسن ناغڑ نے اپنے خصوصی پیغام میں والدین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور انسان کے لیے سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ والدین کی عزت، خدمت اور فرمانبرداری ہی ایک مہذب اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔

محمد احسن ناغڑ کا کہنا تھا کہ والدین اپنی اولاد کی بہتر تعلیم، تربیت، صحت اور روشن مستقبل کے لیے اپنی خواہشات، آرام اور آسائشوں کی قربانی دیتے ہیں۔ ایک بچے کی کامیابی کے پیچھے والدین کی بے شمار دعائیں، محنت اور ایثار شامل ہوتے ہیں، جن کا بدلہ دنیا کی کوئی دولت نہیں دے سکتی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے والدین کے حقوق اور احترام پر خصوصی زور دیا ہے، قرآنِ کریم اور احادیثِ مبارکہ میں والدین کے ساتھ حسنِ سلوک، ادب اور خدمت کو عبادت کا درجہ دیا گیا ہے۔ آج کے دور میں نوجوان نسل کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے والدین کی عزت کرے، ان کی خدمت کو فخر سمجھے اور ان کی دعاؤں کو اپنی زندگی کا سرمایہ بنائے۔

چیئرمین آئی ایس پی او نے مزید کہا کہ تیز رفتار جدید زندگی، معاشی مصروفیات اور سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات کے باعث خاندانی روابط کمزور ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں بعض اوقات بزرگ والدین تنہائی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ بحیثیت قوم ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ والدین کو گھروں میں عزت، محبت اور توجہ حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط پاکستان کی بنیاد مضبوط خاندانوں پر ہے اور مضبوط خاندان والدین کے احترام اور ان کی خوشنودی سے تشکیل پاتے ہیں۔ والدین کی خدمت اور ان کی دعائیں نوجوان نسل کو کامیابی، خوشحالی اور قومی ترقی کی راہ پر گامزن کرتی ہیں۔

آخر میں محمد احسن ناغڑ نے والدین کے عالمی دن کے موقع پر تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ محبت، شفقت اور احترام کا رویہ اپنائیں، ان کی خدمت کو اپنا فرض سمجھیں اور ان کی صحت، خوشحالی اور درازیٔ عمر کے لیے دعا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں