پشاور(ایچ آراین ڈبلیو)سوات ایکسپریس وے پر تیز رفتار وین مسافر بس سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 8 مسافر زخمی ہو گئے۔
مردان پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی وین دیر جا رہی تھی، جو سڑک کنارے پارک کی گئی بس کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ اسماعیلہ کے قریب پیش آیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ وین ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثا کے حوالے کر دی جائیں گی۔


