**اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو)** پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کی مخلصانہ ثالثی کی کوششوں کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے ایک اہم بیان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ چند منٹ قبل، پاکستان کے معزز وزیرِ داخلہ، میرے عزیز بھائی عزت مآب محسن نقوی صاحب نے تہران سے واپسی کے بعد میرے ملک کے حکام کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی کامیابیوں پر مجھے مبارکباد دی ہے۔
ایرانی سفیر نے خطے کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محتاط امید کے ساتھ ہم یہ توقع کر سکتے ہیں کہ اگر دوسرا فریق مناسب عزم و وابستگی کا مظاہرہ کرے تو ایک مثبت پیشرفت شکل اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ پیشرفت اسلامی جمہوریہ ایران کے وقار پر مبنی مؤقف، بہادر مسلح افواج کی ثابت قدمی، دلیر ایرانی قوم کی مزاحمت، اور پاکستانی ثالثی کی مخلصانہ اور انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔
رضا امیری مقدم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ معزز حکومتِ پاکستان اور افواجِ پاکستان، بالخصوص عزت مآب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ عزت مآب محمد اسحاق ڈار اور وزیرِ داخلہ عزت مآب محسن نقوی کی مخلصانہ سفارتی اور ثالثی کوششیں خطے میں دیرپا امن کا باعث بنیں گی۔ ایرانی سفیر نے ان تمام معزز شخصیات کا ان کی خلوصِ نیت پر مبنی کاوشوں پر دلی اور مخلصانہ شکریہ بھی ادا کیا۔
—
**انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ہماری آواز بنیں!**
دنیا کے نمبر 1 ہیومن رائٹس پورٹل **HRNW** کی مدد کریں۔ مظلوموں کی آواز بننے اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اس لنک پر کلک کر کے ہمیں سپورٹ کریں:
[https://www.hrnww.com/?page_id=1083](https://www.google.com/search?q=https://www.hrnww.com/%3Fpage_id%3D1083)


