9

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا حتمی مسودہ مکمل ہونے کے قریب، پاکستان کا کلیدی کردار

سویڈن(ایچ آراین ڈبلیو)امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی مذاکرات میں جنگ بندی معاہدے کا حتمی مسودہ ممکنہ طور پر مکمل ہو گیا ہے۔امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور وہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

مارکو روبیو کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت میں پاکستان بطور اہم ثالث کام کر رہا ہے، اور پاکستانی قیادت کے کردار کو اس سفارتی عمل میں قابلِ تعریف قرار دیا جا رہا ہے۔

سویڈن میں نیٹو اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ ایران کے ساتھ ایک قابلِ قبول معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے، تاہم ابھی بھی بعض اہم معاملات زیرِ بحث ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مذاکرات میں ایران کا جوہری پروگرام، یورینیئم افزودگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال جیسے معاملات بنیادی نکات ہیں۔

مارکو روبیو نے واضح کیا کہ امریکا کسی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا فیس عائد کرنے کا منصوبہ ناقابلِ قبول ہوگا اور عالمی برادری کو اس کی مخالفت کرنی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں