تہران(ایچ آراین ڈبلیو)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ملاقات میں خطے میں کشیدگی میں کمی، امن و استحکام اور مغربی ایشیا کی سکیورٹی سے متعلق سفارتی کوششوں پر بات چیت کی گئی۔
پاکستان اس وقت امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کردار ادا کر رہا ہے، اور اسی سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے دورے پر موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گزشتہ روز تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی سے ملاقات کی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل اپنے دورے کے دوران مزید اعلیٰ ایرانی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں ایران-امریکا مذاکرات، علاقائی امن اور دیگر اہم امور زیر غور آئیں گے۔
دورے کو پاکستان کی جاری سفارتی اور ثالثی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے جس کا مقصد خطے میں پائیدار امن کا فروغ ہے۔


