واشنگٹن(ایچ آراین ڈبلیو)امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے مسودے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جس میں فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور تعلقات کی بحالی کے لیے 9 اہم نکات شامل کیے گئے ہیں۔مجوزہ مسودے کے مطابق دونوں ممالک تمام محاذوں پر فوری، جامع اور غیر مشروط جنگ بندی کے پابند ہوں گے۔
مسودے میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور ایران ایک دوسرے کی فوجی، سویلین اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنائیں گے اور تمام اقسام کی فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں گی۔
مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میڈیا وار اور پروپیگنڈا مہم مکمل طور پر ختم کریں گے جبکہ ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام یقینی بنایا جائے گا۔
مسودے کے مطابق دونوں ممالک ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں گے، جبکہ خلیج عرب، آبنائے ہرمز اور بحر عمان میں بحری جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔
معاہدے کے تحت عملدرآمد کی نگرانی اور تنازعات کے حل کے لیے ایک مشترکہ میکنزم قائم کیا جائے گا، جبکہ معطل شدہ امور پر مذاکرات کا آغاز 7 دن کے اندر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔


