لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کی چیئرپرسن کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی سارہ احمد پاکستانی پارلیمنٹیرینز اور سیاسی رہنماؤں کے وفد کے ہمراہ پاکستان چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں چین کے دورے پر گئیں۔
دورے کے دوران سارہ احمد نے بیجنگ کی کیپیٹل نارمل یونیورسٹی میں منعقدہ یوتھ ایکسچینج پینل سے پاکستانی سیاسی وفد کے ہمراہ خطاب کیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان اور چین کی دوستی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔
سارہ احمد نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مستقبل کی شراکت داری کو یونیورسٹیز، تحقیق، جدت اور نوجوانوں کے تبادلے کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ مشترکہ تحقیق، ٹیکنالوجی تعاون اور تعلیمی روابط نوجوان نسل کے لیے نہایت اہم ہیں کیونکہ یہی نسل مستقبل کے عالمی تعلقات کی بنیاد ہے۔
انہوں نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کی جانب سے دعوت اور میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بین الاقوامی یوتھ ایکسچینج پروگرام نوجوانوں کو قریب لانے، ثقافتی ہم آہنگی بڑھانے اور عالمی امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
سارہ احمد نے مزید کہا کہ چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی کے سفیر ہیں جبکہ نوجوان انتہاپسندی کے خاتمے، امن کے فروغ اور بہتر مستقبل کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی خطے میں استحکام، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے اور دونوں ممالک مستقبل میں بھی ایک دوسرے کے قابل اعتماد شراکت دار رہیں گے۔


