حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد میں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی جانب سے پولیس اہلکاروں کے لیے متعارف کرائی گئی “اپنا گھر اسکیم” پر پولیس ہیڈکوارٹر میں ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
یہ سیشن ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ کی ہدایت پر منعقد کیا گیا، جس میں ڈی ایس پی پارس بکھرانی سمیت ضلع حیدرآباد کے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ “اپنا گھر اسکیم” پولیس اہلکاروں کے لیے ایک پلاٹنگ اسکیم ہے جو جامشورو میں، حیدرآباد سے تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ یہ اسکیم مستقبل میں ایک جدید اور گیٹڈ سوسائٹی کی شکل اختیار کرے گی، جہاں رہائشیوں کو تمام بنیادی اور جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو محفوظ اور بہتر رہائشی ماحول میسر آ سکے۔ شرکاء کو اسکیم کے اغراض و مقاصد، پلاٹس کی تفصیلات، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور مستقبل کی سہولیات سے متعلق تفصیلی آگاہی دی گئی۔


