13

پٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے اذیت ناک ٹیکس لیا جا رہا ہے، حافظ نعیم الرحمان

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے اذیت ناک ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جو سراسر ناانصافی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت زکوٰۃ کے مستحق اور حق دار غریب عوام سے بھی ہر لیٹر پٹرول پر 117 روپے لیوی وصول کر رہی ہے، جو ظلم کی انتہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول پر 117 روپے لیوی غریب عوام کا معاشی قتل ہے، محدود تنخواہ دار طبقے کے لیے ماہانہ اخراجات پورے کرنا ناممکن ہو چکا ہے اور عوام سے اذیت ناک انداز میں ٹیکس لیا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کے مطابق صرف رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں 1200 ارب روپے سے زائد پٹرولیم لیوی وصول کی جا چکی ہے، جبکہ 30 جون تک یہ رقم 1700 ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کو آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے اور عدالت کو چاہیے کہ آئینی حدود سے تجاوز پر مبنی اس لیوی کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں