12

ایس ایچ اوز مقررہ وقت میں شہریوں کی شکایات سننے کے پابند، ڈی آئی جی آپریشنز کی سخت ہدایات

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہورپولیس کے افسران کو شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واضح کیا ہے کہ تمام ایس ایچ اوز روزانہ دوپہر 3 بجے سے 5 بجے تک شہریوں کی شکایات سننے کے پابند ہوں گے، اور اس دوران عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات سن کر فوری احکامات بھی جاری کیے اور کہا کہ عوام کو بروقت اور شفاف انصاف کی فراہمی پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

خاتون کی ہراسانی کے مقدمے میں تاخیر پر ایس ایچ او وحدت کالونی کی 2 سال سروس ضبط کرنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ سابق شوہر کی ہراسانی کے کیس میں ایس ایچ او شاد باغ کو فوری کارروائی کا حکم دیا گیا۔

اسی طرح خواتین سے متعلق دیگر شکایات پر ایس ایچ اوز شمالی چھاؤنی، چوہنگ، جوہر ٹاؤن، گرین ٹاؤن، وحدت کالونی اور اچھرہ کو فوری کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ ہدایت کی گئی ہے کہ خواتین کے مسائل لیڈی پولیس افسر کی موجودگی میں سنے جائیں۔

اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات پر ایس ایچ او ہنجروال اور گلشن راوی کو بھی قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

فراڈ، لین دین اور جھگڑوں سے متعلق شکایات پر مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز کو فوری انکوائری اور قانونی کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ وراثتی جائیداد کے تنازعات پر متعلقہ افسران کو انکوائری سونپی گئی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے ہدایت کی کہ فریقین میں مصالحت کی کوشش کی جائے تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان براہِ راست رابطہ مضبوط کرنا اور اعتماد بحال کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں