32

ثناء یوسف قتل کیس، عدالت نے ملزم عمر حیات کو سزائے موت سنا دی

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سوشل میڈیا انفلوئنسر ثناء یوسف کے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم عمر حیات کو مجرم قرار دے کر سزائے موت کا حکم دے دیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو سزائے موت کے ساتھ 10 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔

سماعت کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد، کال ریکارڈز اور چیٹ کے اسکرین شاٹس عدالت میں پیش کیے گئے، جبکہ مقتولہ کے اہلِ خانہ بھی عدالت میں موجود تھے۔

دوسری جانب ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل نے ٹرائل کورٹ اور اسٹیٹ کونسل پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے اور مقدمے سے متعلق درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ التوا ہیں، اس لیے سزائے موت کا فیصلہ غیر منصفانہ ہوگا۔

واضح رہے کہ ثناء یوسف کو 2 جون 2025 کو گھر میں قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے 3 جون کو جڑانوالہ سے ملزم کو گرفتار کیا۔ بعد ازاں شناخت پریڈ کے دوران گواہوں نے ملزم کو شناخت کیا۔

کیس میں 50 سے زائد سماعتیں ہوئیں جبکہ 27 گواہوں نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا۔ عدالت نے 20 ستمبر کو ملزم پر فردِ جرم عائد کی تھی اور طویل ٹرائل کے بعد آج فیصلہ سنایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں