اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے حالیہ دورۂ چین کی اہم کامیابیوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 13 سے 18 مئی 2026ء تک ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد نے چین کا دورہ کیا، جس کی قیادت انہوں نے خود کی، جبکہ وفد میں گل مینہ بلال بھی شامل تھیں۔
وزیرِ تعلیم کے مطابق اس دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان تعلیم، ٹیکنالوجی اور ہنر مندی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ خاص طور پر مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل تعلیم، اسمارٹ مینوفیکچرنگ، نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں، آئی ٹی اور جدید مہارتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔
دورے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے، جبکہ AI انوویشن منصوبوں کے آغاز اور سی پیک کے تحت تعلیمی و تکنیکی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کے لیے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور انجینئرنگ کے شعبوں میں نئے تعلیمی اور تربیتی مواقع فراہم کرنے پر دونوں ممالک نے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے مطابق یہ دورہ پاکستان کے جدید تعلیم، ڈیجیٹل ترقی اور عالمی معیار کی مہارتوں کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔


