اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سال 2026 کی تیسری انسدادِ پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر عزیر علی خان کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی، جہاں پولیو ورکرز کی کارکردگی، درپیش مسائل اور مہم کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق اسلام آباد میں اس مہم کے دوران 4 لاکھ 47 ہزار 614 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ مہم کے پہلے روز 1 لاکھ 48 ہزار 783 بچوں کو قطرے پلائے گئے، جس سے 33 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلا رہی ہیں جبکہ اسکولوں اور عوامی مقامات پر بھی خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
اجلاس میں پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر نے کہا کہ پولیو ورکرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
عزیر علی خان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔


