“اربن فاریسٹ انیشییٹو” کے نام سے شہری علاقوں میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرنے کا فیصلہ

سانگھڑ (ایچ آراین ڈبلیو) ضلعی انتظامیہ سانگھڑ کی جانب سے سانگھڑ، سنجهورو اور شہدادپور تحصیلوں میں پہلے مرحلے میں “اربن فاریسٹ انیشییٹو” کے نام سے شہری علاقوں میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے آج ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید کی صدارت میں ان کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فاریسٹ آفیسر عابد حسین جتوئی، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلع میں کام کرنے والی آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے نمائندگان میجر بلال پی پی ایل، زاہد علی مہیسر او جی ڈی سی ایل اور ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کے محکمے کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں جنگلات کے لیے خالی زمین کی نشاندہی کریں تاکہ اس اسکیم پر عملدرآمد ممکن ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں ہم سانگھڑ، سنجهورو اور شہدادپور تحصیلوں میں پھل دار اور ماحول دوست درخت لگانا شروع کریں گے، اس کے بعد باقی تحصیلوں میں بھی شجرکاری کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم میں ہم روایتی شجرکاری نہیں کریں گے بلکہ تھر کول میں قائم انصاری پارک کی طرز پر آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے ساتھ مل کر ایک لاکھ پودے لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ہم ضلع کے کچھ ماحول دوست افراد کو بھی ساتھ شامل کرنا چاہتے ہیں۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز نے یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد ہی اس اسکیم پر عمل کے لیے سرکاری زمین کی نشاندہی کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں