لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) لیسکو کی جانب سے ایکسپو سینٹر لاہور میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ سہولیات سے متعلق قائم خصوصی آگاہی اسٹال کا افتتاح چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی مراڈ جعفر مرتضی نے صارفین، سرمایہ کاروں اور کاروباری نمائندگان کو الیکٹرک وہیکل چارجنگ انفراسٹرکچر سے متعلق مختلف سہولیات اور حکومتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو کے اسٹال پر الیکٹرک وہیکل (EV) چارجنگ اسٹیشنز کے بجلی کنکشن کے طریقہ کار، بیٹری سویپنگ اسٹیشنز کے کنکشن پراسیس اور لیسکو میں قائم خصوصی سیل کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، جو ون ونڈو آپریشن اور فاسٹ ٹریک سروس کے تحت صارفین کو سہولت فراہم کرے گا۔
اس موقع پر حکومتِ پاکستان کے وژن کے مطابق ملک میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ انفراسٹرکچر کے فروغ کے اقدامات کو بھی اجاگر کیا گیا جبکہ صارفین کو چارجنگ اسٹیشنز کے لیے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ رعایتی ٹیرف سے متعلق بھی آگاہی دی گئی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے کہا کہ لیسکو جدید، ماحول دوست اور پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لیے حکومت پاکستان کے وژن کے مطابق بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور صارفین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گا۔


