کراچی(ایچ اراین ڈبلیو)کراچی میں منشیات سے متعلق حساس کیسز، بالخصوص “پنکی” کیس میں سزاؤں کے عملدرآمد نہ ہونے سے متعلق صحافی کے سوال پر ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا ہے کہ پراسیکیوشن میں کچھ خامیاں موجود ہیں، جنہیں بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ ایسے کیسز میں اکثر سزائیں کیوں نہیں ہو پاتیں، جس پر آزاد خان نے اعتراف کیا کہ پراسیکیوشن سسٹم میں مسائل موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کو دور کرنے کے لیے اصلاحات جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی جانب سے “پنکی” کیس کی تفتیش میں کوئی خلا نہیں ہے، تاہم اگر کسی کے پاس اس حوالے سے کوئی مؤقف ہے تو وہ عدالت میں سامنے آئے گا۔ ان کے مطابق جب معاملہ عدالت میں جائے گا تو حقائق واضح ہو جائیں گے۔
آزاد خان نے کہا کہ انکوائری اور تفتیش کا عمل جاری ہے، اس لیے اس وقت مزید تفصیلات فراہم نہیں کی جا سکتیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ سندھ ہائی کورٹ اور ججز کی سیکیورٹی سے متعلق معمول کی میٹنگ میں شرکت کے لیے آئے تھے۔


