کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)منشیات برآمدگی کے مقدمے میں انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کی جانب سے گرفتار ملزم غلام قادر کو عدالت نے مجرم قرار دیتے ہوئے 20 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی ہے۔عدالت نے ملزم پر 8 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
پراسیکیوٹر عبدالحنان کے مطابق ملزم کو دسمبر 2023 میں کراچی کے علاقے شیرشاہ مارکیٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، جہاں سے اس کے قبضے سے مجموعی طور پر 54 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی تھی۔
دورانِ سماعت وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کو سادہ لباس اہلکاروں نے پہلے حراست میں لیا اور بعد ازاں مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ گرفتاری کے وقت اس کے بیٹے بھی اس کے ساتھ موجود تھے۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ اگر یہ معاملہ مبینہ اغوا کا تھا تو اس پر الگ مقدمہ کیوں درج نہیں کروایا گیا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزم کے بیٹوں کی گواہی کو دفاع کے حق میں تسلیم نہیں کیا جا سکتا کیونکہ وہ قریبی رشتہ دار ہیں اور ان کی گواہی جانبدار ہو سکتی ہے۔تمام شواہد اور دلائل سننے کے بعد عدالت نے غلام قادر کو سزا سناتے ہوئے مقدمہ نمٹا دیا۔


