25

ٹی ایم سیز کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن و واجبات سے متعلق کیس، عدالت میں پیش رفت

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ ہائی کورٹ میں ٹی ایم سیز کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں میئر کراچی اور سیکریٹری بلدیات کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست بھی زیرِ غور آئی۔

سماعت کے دوران کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے وکیل نے عدالت میں عملدرآمد رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ درخواست گزاروں کو مجموعی واجبات کا 50 فیصد ادا کر دیا گیا ہے، جبکہ اب تک مجموعی طور پر دو کروڑ روپے سے زائد کی رقم ادا کی جا چکی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ باقی ماندہ واجبات کی ادائیگی بھی جلد مکمل کر دی جائے گی۔ عدالت نے پیش کردہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

درخواست گزاروں کے وکیل عثمان فاروق نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار گلشن اقبال اور جناح ٹاؤن کے ریٹائرڈ ملازمین ہیں۔ ان کے مطابق میئر کراچی نے عدالت میں پنشن واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کروائی تھی، تاہم اس کے باوجود پنشن، گریجویٹی اور پروویڈنٹ فنڈ سمیت دیگر واجبات مکمل طور پر ادا نہیں کیے جا رہے۔

وکیل نے مزید کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، اور اس مسئلے کے مستقل حل کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں