اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)تحریکِ انصاف کے رہنما راجہ اظہر کے خلاف عائد سفری پابندیوں کے معاملے پر دائر درخواست کی سماعت کے دوران عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر امیگریشن حکام کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست بھی زیرِ سماعت آئی۔
سماعت کے دوران وفاقی حکومت پاکستان کی جانب سے پیش ہونے والے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ وہ دو ہفتوں کے اندر یہ کیس فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کے سامنے پیش کریں گے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے دو ہفتوں کے اندر راجہ اظہر کی درخواست پر حتمی فیصلہ جاری کر دیں گے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالت نے اکتوبر 2025 میں واضح حکم دیا تھا کہ ایک ماہ کے اندر درخواست گزار کے کیس کا فیصلہ کیا جائے، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود تاحال اس معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
وکیل درخواست گزار نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ سفری پابندیوں کے باعث راجہ اظہر کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس سے ان کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔ عدالت نے فریقین کے مؤقف سننے کے بعد مزید کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کر دی۔


