23

شاہ فیصل کالونی میں تجاوزات کے خاتمے کا معاملہ، میئر کراچی سمیت افسران کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ ہائی کورٹ میں شاہ فیصل کالونی میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف میئر کراچی، میونسپل کمشنر اور ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے توہینِ عدالت میں نامزد ملزمان سے چار ہفتوں کے اندر جواب طلب کر لیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ مقررہ مدت میں جواب جمع نہ کروانے کی صورت میں متعلقہ افسران ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں۔

درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے 2016 میں شاہ فیصل کالونی میں تجاوزات کے خاتمے کا واضح حکم دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے وکیل نے اس وقت یقین دہانی کروائی تھی کہ تجاوزات کی باقاعدہ اور مؤثر نگرانی کی جائے گی، تاہم عدالتی احکامات کے برخلاف ایسا کوئی مؤثر نظام قائم نہیں کیا گیا۔

وکیل درخواست گزار کے مطابق کے ایم سی کی جانب سے جو تجاوزات ہٹائی گئی تھیں، وہ دوبارہ قائم ہو چکی ہیں، جو عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میئر کراچی بطور سربراہ کے ایم سی اور میونسپل کمشنر بطور انتظامی افسر عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے ذمہ دار ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر میئر کراچی، میونسپل کمشنر اور ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عدالت نے فریقین کے مؤقف سننے کے بعد آئندہ سماعت تک جواب طلب کر لیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں