کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)منشیات اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے مقدمات میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں پیش کر دیا گیا، جہاں اسے 25 مئی تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملزمہ کو گذری تھانے کے چار مقدمات میں بھی عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کیا گیا ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ ان چاروں مقدمات میں مفرور تھی اور اس کے خلاف 2021 سے 2024 کے دوران منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کو گزشتہ روز گارڈن تھانے میں درج دو مقدمات میں بھی پیش کیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے 1540 گرام کوکین اور 6970 گرام خام مال برآمد ہوا ہے۔ریمانڈ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملزمہ کی گرفتاری کے وقت جائے وقوعہ سے بھی کوکین برآمد ہوئی، جبکہ اس سے منشیات کے سورس اور ریسورس سے متعلق معلومات حاصل کرنا ضروری ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمہ کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی چیک کرایا جانا ہے، اور مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔دوسری جانب عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ نے پولیس تشدد کی کوئی شکایت نہیں کی۔ بعدازاں عدالت نے ملزمہ کو 25 مئی تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔


